اسلام ٹائمز۔ پہلے عالمی اربعین حسینی تصویری مقابلہ ایوارڈ 2014ء کے سلسلے میں ایوارڈ عطا کرنے کی خصوصی تقریب ثقافتی قونصلیٹ سفارت جمہوری اسلامی ایران اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔ اس خصوصی پروگرام میں معروف عالم دین مفتی گلزار احمد نعیمی پرنسپل جامعہ نعیمیہ اسلام آباد کے علاوہ مشہود احمد مرزا، جوائنٹ سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ حکومت پاکستان، جناب آقای مہدی آبادی نائب سفیر سفارت جمہوری اسلامی ایران، شہاب الدین دارایی، ثقافتی قونصلر سفارت جمہوری اسلامی ایران، عیسٰی کریمی، ڈائریکٹر مرکز تحقیقات فارسی اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر عالمی تصویری مقابلہ میں اعلٰی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی صحافی اور آرٹسٹ نوید حسین نقوی کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ثقافتی قونصلر سفارت جمہوری اسلامی ایران شہاب الدین دارایی نے کہا کہ عاشورا حسینی کے واقعہ نے تاریخ پر گہرے اور غمگین نقوش چھوڑے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس واقعہ، قیام اور نجات دہندہ کو ہنرمندی کے ساتھ پیش کیا جائے اور محفوظ رکھا جائے۔ اربعین حسینی ایوارڈ کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اربعین کے موقع پر کروڑوں لوگ ایک مقصد کی جانب بڑھتے ہیں اور اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔