اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں چھ سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران بلوچستان میں دہشت گردی کا یہ دوسرا بڑا واقعہ تشویش ناک ہے۔ دہشت گردی کے واقعات پر مکمل طور پر قابو پانا اس وقت تک ممکن نہیں جب تک دہشت گردوں سمیت ان کی کمین گاہوں اور سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ نہیں کیا جاتا۔ دہشتگرد عناصر وطن عزیز کو غیر مستحکم کرنے کے لئے ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کی تکمیل میں مصروف ہیں۔ وطن عزیز میں امن کی بحالی محض دہشت گرد قوتوں کے خاتمے سے مشروط نہیں بلکہ اس منفی رجحان کو شکست دینا ہوگی، جو ناپختہ اذہان کو ملک دشمن سرگرمیوں کی طرف مائل کرتا ہے۔ بلوچستان کو دہشت گردوں نے اپنی محفوظ پناہ گاہ سمجھ رکھا ہے۔ پڑوسی ملک بھارت کی طرف سے ان مذموم عناصر کی بھرپور معاونت کی جاتی ہے۔ خطے میں امن کے حقیقی قیام کے لئے تمام ممالک کو خلوص نیت کے ساتھ کوششیں کرنا ہوں گی۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ نقصان اٹھایا ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں اور مذہبی کارکنوں کو بےدریغ شہید کیا جاتا رہا۔ شہداء کے خون کا حق تبھی ادا ہوگا، جب اس ملک سے دہشت گردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ ہوگا۔ علامہ ناصر عباس نے شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔