اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں کراچی آپریشن کو مزید موثر طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے جمعہ کو ٹیلی فون پر ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر سے کراچی آپریشن پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن کو نہ صرف کراچی کے عوام بلکہ پورے پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔ آپریشن کو آنے والے دنوں میں مزید بہتر انداز میں آگے بڑھاتے ہوئے اس پر عمل درآمد کی راہ میں تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ چوہدری نثار نے کراچی آپریشن میں پولیس اور رینجرز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ ادھر، میجرجنرل بلال اکبر نے جامعہ کراچی میں آئی بی اے کے سوشل سائنسز کلب کے تحت کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کراچی کے امن کی بحالی کے لیے نوجوانوں کے ساتھ کو ضروری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جرائم کی شرح کم ہوئی، جس کا سب اعتراف کرتے ہیں۔ کانفرنس میں شریک ایک طالب علم نے ڈی جی رینجرز سے سوال کیا کہ آپ لوگ اتنا کام کر رہے ہیں تو حکومت کیوں نہیں سنبھال لیتے؟ اس پر ڈی جی رینجرز نے کہاکہ انکا کام سیکیورٹی فراہم کرنا ہے ناکہ حکومت کرنا۔