اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو مین اسٹریم اور علیحدگی پسند جیسے نام دینے والے کشمیریوں کے دوست نہیں اور پوری کشمیری قوم سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر کشمیر مسئلے کا منصفانہ حل چاہتی ہے۔ ٹاون ہال اننت ناگ میں پارٹی کے ایک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا ”پہلے کشمیری قوم کو مین اسٹریم اور علیحدگی پسند جیسے ناموں پر اور پھر انتہا پسند اور اعتدال پسند اصطلاحات ایجاد کرکے کشمیریوں کے خیالات اور نظریات کو تقسیم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ این سی اور پی ڈی پی نے اٹانومی اور سیلف رول جیسی فارمولائیں ایجاد کرکے نہ صرف کشمیر کاز کو کمزور کیا بلکہ اب ساری توجہ حکومت سازی کی طرف مرکوز کرکے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ جموں کشمیر کا مسئلہ حکومت سازی کے علاوہ اور کچھ نہیں“۔