اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف بادشاہ ہیں جو صرف درباریوں کو نوازتے ہیں ان کے لودھراں کیلئے اعلان کردہ ڈھائی ارب روپے تاحال جاری نہیں ہوئے۔ لودھراں میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ لودھراں پبلک سکول کیلئے ڈھائی کروڑ روپے مختص کیے ہیں، وزیراعظم لودھراں کیلئے اعلان کیے گئے ڈھائی ارب روپے جاری کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ لودھراں میں کاشتکاروں کے بجلی کنکشن کاٹے جا رہے ہیں، جن جن لوگوں پر بل بقایا ہیں وہ میرے پاس آئیں ذاتی طور پر ان کی مدد کروں گا اس کے علاوہ اس حوالے سے ہم میپکو کے ساتھ بھی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 4 ماہ ہوگئے لیکن پتا نہیں کب بلدیاتی اختیارات منتقل ہوں گے۔