اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ویلنٹائن ڈے کے نام پر فحاشی پھیلانے والوں کے خلاف ڈنڈا فورس تیار کی جا رہی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے ڈانس پارٹیاں، غیر اخلاقی محفلیں کروانے والے ہوٹلز اور شاپنگ مالز کو وارننگ جاری کر دی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے ویلنٹائن ڈے کے موقعہ پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے پیش نظر منچلوں اور رئیس زادوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہر کے نامی گرامی ہوٹلوں سے رئیس زادوں نے شراب خرید کر سٹاک کرنا شروع کر دی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ شہر کے کئی ہوٹلوں اور فارم ہاوسز میں ڈانس پارٹیوں کی محفلوں کی بکنگ بھی شروع ہو چکی ہے جس میں پارٹیوں کو پولیس سمیت پرسکون ماحول کی گارنٹی بھی دی گئی ہے۔اس حوالے پولیس ذرائع کا مزید کہنا تھا لاہور کے پوش علاقوں کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں قائم گیسٹ ہاﺅسز اور نامی گرامی ہوٹلز نے متعلقہ تھانوں میں رسائی حاصل کرنے کے اقدامات شروع کر دیئے ہیں جبکہ لاہور پولیس کے اعلیٰ افسران کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ لاہور پولیس کے ذمہ دار افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر "اسلام ٹائمز" کو بتایا کہ ویلنٹائن کے نام پر شہر میں کسی قسم کی محفلوں کا انعقاد کرنیوالوں کیخلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ویلنٹائن کے موقعہ شراب اور شباب کی پارٹیوں کے خلاف پہلے بھی کارروائیاں کی گئیں تھیں اب بھی ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کا کوئی بھی نوٹیفیکشن جاری نہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہوٹلز، شاپنگ مالز اور کیفے اور گیسٹ ہاؤسز کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی ایریا میں فحاشی پھیلانے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ اس حوالے سے ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے "اسلام ٹائمز" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ویلنٹائن ڈے کے موقعہ پر سیکورٹی کیلئے اضافی فورس تعینات کی جائے گی، کسی بھی منچلے کو شہر کا سکون برباد کر نے کی اجازات نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکلوں کے سائلنسر نکال کر سڑکوں پر ہلڑ بازی کرنیوالوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا اس حوالے سے خصوصی فورس تشکیل دیدی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویلنٹائن ڈے پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، لیکن شہر میں ویلنٹائن ڈے کے موقعہ پر ون ویلنگ اور غیر اخلاقی محفلیں کرنیوالوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ پارکوں میں بھی سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار تعینات ہوں گے۔ویلنائن ڈے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز عالم دین علامہ محمد رضا عابدی کا کہنا تھا کہ اسلام میں ایسے کسی دن کی کوئی گنجائش نہیں، اسلام تو دین ہی محبت اور اخوت کا ہے، اسلام تو ہر روز انسانیت سے پیار کرنے کا حکم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبت کے نام پر سال میں صرف ایک دن منانا بیوقوفی ہے، ہمیں ہر روز یوم محبت منانا چاہیے اور اس محبت کا اظہار اپنی بیوی، بہنوں، بھائیوں اور بالخصوص والدین کیساتھ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم ہر روز گلاب کا ایک پھول یا کوئی اور تحفہ اپنے والدین یا بہن بھائیوں یا اپنی اہلیہ کو دیں تو ہمارا گھر جنت کا حقیقی گہوارہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک اس ویلنٹائن ڈے کا تعلق ہے، تو اس کا بھی کسی مذہب میں کہیں ذکر نہیں، بس منچلوں نے بے حیائی اور ہوس کے فروغ کیلئے اس کو منتخب کر لیا ہے اور ہمارے مغرب زدہ میڈیا نے اس کو فروغ دے کر معاشرے میں بے حیائی کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے۔