اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد داعش جیسی تنظیموں کو پاکستان اور افغانستان میں پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں صحافیوں کے اعزاز میں دی گئی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادی ممالک میدانوں میں شکست کے بعد مسلمانوں کو آپس میں دست و گریباں کرنا چاہتے ہیں۔ یہ جنگ کا آخری راونڈ ہے، بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادی سب ناکام ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں جلد ہی ایک مضبوط قوت بن کر ابھرے گا۔ پاک بھارت دوستی کا دور گزر چکا ہے۔ انڈیا کو خطے کا تھانیدار بنانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی۔ حافظ سعید کا مزید کہنا تھا کہ بیرونی قوتیں اسلام و پاکستان کیخلاف میڈیا کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہیں۔ پاکستانی میڈیا بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے اور عالم کفر کی سازشوں کے توڑ کیلئے کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحادی ممالک نے پہلے پاکستان کو بیس بناکر افغانستان پر جنگ مسلط کی، اب افغانستان کو بیس بناکر پاکستان کو میدان جنگ بنایا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے بغیر پاکستان زندہ نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندو، صلیبی اور یہودی اس بات پر پریشان ہیں کہ مستقبل میں اسلام ایک مضبوط قوت بن کر ابھر رہا ہے، اور مسلمان ایک قوت بن رہے ہیں۔ فلسطین سمیت پوری دنیا میں مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں، مگر یہود و ہنود کے کوئی ہاتھ روکنے والا نہیں، تمام پابندیاں مسلمانوں کیلئے ہیں۔