اسلام ٹائمز۔ کل 23مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی سیکورٹی انتہائی سخت رہے گی۔ اس سلسلے میں لاہور کے داخلی و خارجی راستوں کو پہلے ہی سیل کر دیا گیا ہے۔ شہر میں حساس علاقوں میں فون جیمرز لگانے کی تیاریاں بھی کی جا رہی ہیں تاکہ کوئی دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔ اس سلسلے میں موبائل کمپنیوں کی طرف سے صارفین کو پہلے ہی سے الرٹ جاری کر دئیے گئے ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کل یوم پاکستان کے مو قع پر دہشتگردوں کی طرف سے سرکاری گاڑیاں استعمال کرنے کا خدشہ بھی ہے جس کی وجہ سے سرکاری گاڑیوں کو دفاتر اور گھروں سے نہ نکالنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر نکلنے والی ریلیوں میں بھی شرپسند گھس سکتے ہیں اس وجہ سے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سے ان ریلیوں کو محدود رکھنے کی درخو است کی گئی ہے۔ لاہور میں ٹریفک کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے جس کے تحت تمام وارڈنز کی چھٹیاں منسوخ کرکے ان کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ یوم پاکستان کے موقع پر مینار پاکستان اور مزار اقبال سمیت دیگر اہم مقامات پر رینجرز کو تعینات کیا جا رہا ہے۔