اسلام ٹائمز۔ پولیس، حساس اداروں اور رینجرز نے ضلع ہری پور کے علاقہ پنج کٹھہ میں واقع پنڈگاکھڑا گاوں میں کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت تین مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں حساس ادارے کا ایک اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔ علاقہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک بجے ہری پور کے علاقے خان پور میں پنڈ گاگھڑا کے مقام پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق سکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ ایک مکان میں کچھ شدت پسندوں نے پناہ لے رکھی ہے جس پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کی جانب سے ان کے خلاف مشترکہ کارروائی کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ آپریشن میں تین مبینہ دہشت گرد مارے گئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوا۔ کارروائی میں تین سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے اہلکار کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق ایک حساس ادارے سے ہے۔ پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ مرنے والے شدت پسندوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور ان میں باپ، بیٹا اور بیوی شامل ہیں۔