اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نون ہنزہ کے رہنماء امتیاز گلگتی نے کہا ہے کہ اب اگر وزیراعظم خود بھی آکر ہنزہ میں اعلانات کرے تو اس سے انتخابی نتائج پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ عوام نے فیصلہ کر لیا اور خاندانی سیاست کرنے والوں کو اس بار عبرتناک شکست کا سامنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی سے ٹکٹ کے معاملے پر اختلافات کے بعد کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ بہت عرصے سے عوام پر ایسے افراد کو مسلط کیا جاتا رہا ہے جن کی علاقے میں کوئی وقعت اور حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن میروں کا آخری ہوگا اور اس کے بعد ان کی اقرباء پروری کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہو جائے گی۔ یاد رہے کہ امتیاز گلگتی نے پارٹی سے اختلافات کے بعد آزاد امیدوار کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی ٹکٹ کے لئے اپلائی بھی کیا تھا مگر وزیراعظم کی ایماء پر ٹکٹ گورنر کے بیٹے شاہ سلیم خان کو دی گئی، جس سے پارٹی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر رہ گئی ہے۔