اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں جمعہ کی شب رات بارہ بجے کے قریب ہزارہ ٹاؤن کے علاقے میں ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔ خودکش حملے کے نتیجے میں شیعہ ہزارہ چوکیدار طالب حسین شہید ہوگیا۔ ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور برقعہ میں ملبوس شیعہ ہزارہ والی آبادی کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں دہشتگردی کرنا چاہتا تھا۔ تاہم ہزارہ ٹاؤن کے مرکزی انٹری پوائنٹ پر ایف سی اہلکاروں کے ہمراہ مشترکہ ڈیوٹی پر موجود شیعہ ہزارہ چوکیدار طالب حسین نے برقعہ میں ملبوس دہشتگرد کو روکنے کی کوشش کی، جسکے نتیجے میں دہشتگرد نے اسی وقت خود کو اُڑا لیا۔ خودکش حملہ آور کی عمر بیس سے پچیس سال کے درمیان بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں شیعہ ہزارہ طالب حسین موقع پر ہی شہید ہوگیا۔ یاد رہے کہ عید کے موقع پر ہزارہ ٹاؤن میں دہشتگردی کی ممکنہ واردات کے پیش نظر مقامی اسکاؤٹس اور ایف سی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کیجانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جسکی وجہ سے کوئٹہ شہر ایک بڑی تباہی سے بچ گیا۔