اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کے تسلسل سے ملک ترقی کرتا ہے، ترک عوام کا اقدام قابل تعریف ہے، ترک عوام کا اقدام جمہوری قوتوں کیلئے تقویت کا باعث ہے اور ترکی میں عوام کی فتح سے آمرانہ خیالات رکھنے والے پسپا ہوں گے، ترکی میں فوجی بغاوت ناکام بنائے جانے پر پاکستان میں بھی عوام نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں منتخب حکومت کو روز کہیں نہ کہیں ڈانٹ ڈپٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، پاکستان میں آمریت کے دوران دہشتگردی پروان چڑھی تھی، ملک میں فوج کو دعوت دینے کے بینرز لگانے کے معاملے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے مزید بھی گرفتاریاں ہوئی ہیں۔