اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ وزیر امور کشمیر اور کشمیر کمیٹی کا چیئرمین کشمیری ہونا چاہیے۔ حکومت پاکستان نے ایک ایسے شخص کو کشمیر کمیٹی کا چیئرمین بنایا ہوا ہے جو آج تک کشمیر اور بیرون کشمیر ایک سیمینار یا کنونشن منعقد نہیں کروا سکا۔ گلگت بلتستان کشمیر کا آئینی حصہ ہے۔ آزاد کشمیر میں ذاتی مفادات کی وجہ سے حکمرانوں نے لوگوں کو برادریوں اور علاقوں میں تقسیم کیا۔ تعمیروترقی اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کا فقدان ہے یہاں کی سڑکوں کی حالت دیکھ کر رونا آتا ہے، گزشتہ کئی دہائیوں سے تعمیروترقی کے نام پر قومی دولت لوٹی جاتی رہی، الیکشن قریب آتے ہی پرانے چہرے میدان میں آ گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیدوار قانون ساز اسمبلی انجینئر سردار عمر نصیر کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔