اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے اسپیکر اسمبلی سردار غلام صادق کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی، اسپیکر قانون ساز اسمبلی سردار غلام صادق کو ہائیکورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے فیصلے کے بعد سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے چیف جسٹس محمد اعظم خان نے اپیل پر مختصر فیصلہ سناتے ہوئے سردار غلام صادق کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی ہے۔ گزشتہ روز سردار غلام صادق کے وکیل نے میرپور سرکٹ بینچ میں ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سردار غلام صادق کی اپیل کی سماعت کی، ہائیکورٹ نے اسپیکر قانون ساز اسمبلی سردار غلام صادق کو اسپیکر، وزیراعظم پاکستان کے مشیر کی حیثیت سے دو تنخواہیں اور مراعات لینے پر الیکشن کیلئے نااہل قراردیا تھا۔ دوسری طرف پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی قیادت نے فیصلے کو حق و سچ کی فتح قرار دیا ہے، ادھر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سردار غلام صادق کو سپریم کورٹ سے الیکشن لڑنے کی اجازت ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس ایف، پیپلز یوتھ، خواتین ونگ اور دیگر ذیلی تنظیموں سمیت تمام پارٹی کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ صرف پارٹی امیدواروں کو ووٹ دیں اور پولنگ سٹیشنوں پر نتائج کے اعلان تک بیلٹ پیپرز کی حفاظت بھی کریں۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے آزادکشمیر کے عوام اور پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کسی پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، پیپلز پارٹی کا کسی بھی دوسری جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں اور نہ ہی کوئی سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے۔ تمام پارٹی امیدوار تیر کے انتخابی نشان پر انتخابات لڑ رہے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی ہی آزاد کشمیر کی سب سے بڑی جماعت ہے جس نے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں 41 حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔