اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سرگودہا کے رہنما اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری حامد حمید نے یوتھ ونگ کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان منفی سیاست، دھرنوں اور احتجاج کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ سرگودھا میں مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صدی معیشت کی صدی ہے، ترقی کیلئے ذاتی مفادات کے بجائے قومی مفادات کو ترجیح دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی مضبوطی اور کامیابی کیلئے یوتھ ونگ کے نوجوانوں کا کردار مثالی رہا ہے، آئندہ بھی یوتھ ونگ کے نوجوان جمہوریت دشمن عناصر کا راستہ روکیں گے۔