اسلام ٹائمز۔ مسلمانوں کو عالمی سطح پر بدنام کر نے کی سازش کی جارہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل اور جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام 8 اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی قومی کانفرنس بعنوان ’’عالمی دہشتگردی اور پاکستان‘‘ کے حوالے سے انتظامی کمیٹیوں کے عہدیداران کا ایک اہم مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد عالمی دہشتگردی کے حولے سے عوام کو حقائق سے آگاہ کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے کانفرنس کے حوالے سے انتظامی اور دعوتی امورکی پیش رفت سے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا۔ اور بتایا کہ ملی یکجہتی کونسل کے تحت عالمی دہشتگردی اور پاکستان کے زیر عنوان کانفرنس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں، اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر، نائب صدر آصف لقمان قاضی، سینئر نائب صدر پیر ناصر جمیل ہاشمی، علامہ عارف واحدی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل، اسد عباس نقوی مرکزی راہنماء مجلس وحدت مسلمین، سید عبدالوحید جماعۃ الدعوۃ، ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر شاہد شمسی، عبداللہ گل سربراہ تحریک جوانان پاکستان، تنظیم اسلامی کے راہنما ڈاکٹر امتیاز احمد، عبدالجلیل نقشبندی نائب صدر جمعیت اتحاد علماء پاکستان، پروفیسر سیف اللہ خالد راہنما جماعت اہل حدیث، علامہ فرحت حسین وفاق المدارس شیعہ، اعجاز حسین ملک ناظم راولپنڈی ریجن امامیہ آرگنائزیشن اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں 8 اگست کو ہونے والی کانفرنس بعنوان’’ عالمی دہشتگردی اور پاکستان‘‘ کے انتظامات کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اور کانفرنس کے حوالے سے مالیاتی اور انتظامی امور کو حتمی شکل دی گئی جس کی اجلاس میں شامل شرکاء نے متفقہ طور پر ان کی منظوری دی۔ ملی یکجہتی کونسل کا مشاورتی اجلاس مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی زیر صدارت اسلام آباد میں پیر ناصر جمیل ہاشمی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔