اسلام ٹائمز۔ رحیمیار خان کے سرکاری اسپتال شیخ زید میں ڈاکٹرز ڈیوٹی پر نہ ہونے کے باعث حادثہ کا شکار زخمی چل بسا۔ لواحقین چار گھنٹے تک ڈاکٹردوں کی رہ تکتے رہ گئے لیکن قوم کے میسحاوں کے کمرے خالی پڑے رہے۔ رحیمیار خان کے علاقے شیخ وین سے تعلق والے ملک صدیق کے مطابق، ان کے بھائی عبدالستار کو چار روز پہلے حادثے کے باعث سرکاری اسپتال شیخ زید میں داخل کرایا گیا تھا، تاہم منگل کی شام سات بجے اس کی اچانک طبیعت بگڑ گئی۔ ملک صدیق کے مطابق، اس نے چار گھنٹے تک ڈاکٹروں کو تلاش کیا لیکن ڈیوٹی پر کوئی ایک ڈاکٹر بھی موجود نہ تھا جو اس کے بھائی کو بچا لیتا۔ ڈاکٹروں کے کمرے خالی پڑے رہے۔ ملک صدیق نے وزیراعلی پنچاب شہباز شریف سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔