اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کراچی میں منعقد جشن پاکستان کی مرکزی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام نے جشن آزادی کی تقریبات ملک بھر میں با وقار انداز میں منا کر ملک سے محبت کا ثبوت دیا۔ خطاب کے دوران پوری فضاء پاکستان زندہ باد پاکستان پائندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، پاکستان کا 69 واں جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔ چیئرمین پاک سر زمین پارٹی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انھوں نے پاکستان کا 69واں جشنِ آزادی پُر وقار انداز میں منا کر دنیا کو یہ پیغام دے دیا کہ پاکستانی قوم کا جذبہ حب الوطنی آج بھی اتنا ہی ہے جتنا 1947ء میں اس کے قیام کے وقت تھا آج بھی پوری قوم پاکستان کی خاطر کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی، پاکستان ہمارا گھر ہے اور ہم اس کی حفاظت، تعمیر و ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، کسی دشمن کو میلی آنکھ اس کی طرف دیکھنے نہیں دیں گے، آج پاکستان کی عوام نے باوقار انداز میں جشنِ آزادی منا کر دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا، پورے ملک بالخصوص کراچی کی عوام نے خوف کے بت پاش پاش کر دیئے۔