اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت، بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، گلگت اسکردو روڈ، بلتستان یونیورسٹی اور پانچ آر سی سی پلوں کا منصوبہ نون لیگ کے دور میں ہی مکمل ہو جائے گا۔ بلتستان یونیورسٹی کی تعمیر کے حوالے سے ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا گانچھے میں غواڑی کے مقام پر 20 کروڑ کی لاگت سے ہائیڈرل پاور پراجیکٹ پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا اور ایک ارب روپے کی لاگت سے 4 آر سی سی پل بھی بنائے جائیں گے۔ گلگت اسکردو روڈ کو توسیع دے کر گانچھے تک ایکسپریس وے بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گانچھے میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔