اسلام ٹائمز۔ عوامی ایکشن تحریک گلگت کے زیراہتمام ایک مقامی ہوٹل میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں رابطہ کمیٹی کے ارکان احسان علی ایڈوکیٹ، حاجی نائب خان، اعجاز الحق، مسعود ایڈوکیٹ، حسنین رمل، سردار حسین، فہم عباس، ریاض حسین، نظام ساغر اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں حالیہ سی پیک کانفرنس پر غور و خوض ہوا اور ایک قرارداد کے ذریعے کہا گیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی رضا مندی اور شمولیت کے بغیر سی پیک بین الا قوامی قونین کی خلاف ورزی اور اس معاہدے کو خودمتنازعہ بنانے کے مترادف ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور سی پیک معاہدے کو شفاف اور غیر متنازعہ بنانے کے خاطر گلگت بلتستان میں آئین ساز اسمبلی عمل میں لائی جائے جو کہ معاہدے میں شامل ہونے کے علاوہ دیگر معاملات طے کرے اور ضمانت فراہم کرے بصورت دیگر یہ معاہدہ مشکوک اور متنازعہ تصور ہوگا، جسکی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔