اسلام ٹائمز۔ اسکردو حلقہ نمبر دو کا نواحی علاقہ کواردو میں بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی۔ سیلاب کے باعث ایک درجن کے قریب گھر منہدم ہوگئے۔ علاقہ مکینوں نے بھاگ کر جانیں بچائیں، سینکڑوں مال مویشی بھی سیلاب کی زد میں آگئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کواردو میں جمعہ کی رات ساڑھے آٹھ بجے کے قریب بارش کے بعد اچانک سیلاب آنے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ گھروں میں سیلابی پانی داخل ہونے کے بعد مکین محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے۔ انتظامیہ نے سیلاب کی اطلاع پر امدادی کارروائی شروع کر دی اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے کام تیز کر دیا ہے۔ اہلیان علاقہ کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ اسکردو انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائیوں کی باتیں غلط ہیں ابھی تک انتظامی سربراہان نے دورہ ضرور کیا ہے تاہم نہ کسی قسم کی گرانٹ کا اعلان کیا ہے اور نہ بحالی کے لیے کوئی کارروائی شروع کی ہے۔