اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم راجہ فاروق خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور آئندہ ہفتے ہونے والے او آئی سی کے اجلاس میں کشمیر ایشوء کے تناظر میں مشاورت کی گئی۔ دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز بھارتی مظالم کی مذمت کی، ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اٹھایا جائے گا، کھلانہ، چکوٹھی کے وفد نے وزیراعظم راجہ فاروق سے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر آباد شہری آبادی کے تحفظ کے لیے بنکرز تعمیر اور بھارتی جارحیت سے بھرپور تحفظ فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایل او سی پر آباد شہری آبادی استحکام پاکستان کی جنگ میں مصروف ہے کشمیری شہداء کا لہو رنگ لا رہا ہے، تحریک کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر آباد 13 انتخابی حلقوں میں تعمیر و ترقی کے اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں جاری منصوبوں کیلئے 19ارب روپے درکار ہیں سابقہ حکومت کی طرف سے 18 ارب روپے کا خسارہ ورثے میں ملا ہے۔ حکومت 5 سالوں میں تمام زیرتکمیل منصوبوں کو مکمل کرے گی، تعلیمی نظام میں خرابیوں کو دور کریں گے۔ ادھر وزیراعظم راجہ فاروق سے سماہنی سے مسلم لیگ نواز کے رہنما راجہ محمد رزاق خان نے ملاقات کی اور علاقہ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ راجہ فاروق خان نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کی حکومت خطہ کی تعمیر وترقی کے لئے انقلابی اقدامات کرے گی اور عوامی توقعات پر پورا اترے گی، حلقہ سماہنی کے تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں، محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا، میرٹ کے مطابق تعمیروترقی ہو گی سڑکوں کی حالت بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں گے۔ مسلم لیگ نواز برطانیہ کے صدر زبیر کیانی کی قیادت میں تارکین وطن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تارکین وطن کشمیر ایشو کے حوالے سے اپنی کاوشوں کو منظم اور مربوط بنائیں، بھارت کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی اور مقبوضہ کشمیر پر اس کا غیرقانونی تسلط ختم ہو کر رہے گا۔