اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں اوڑی حملہ کو بھارتی خفیہ اداروں کی کارروائی قرار دیتے ہوئے بھارتی الزامات کو مسترد کر دیا گیا، جمعرات کو ہونے والے مظاہرے سے حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی، میر طاہر مسعود و دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی ماہ میں 115 سے زائد کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کر دیا گیا ہے، اوڑی میں حملہ بھارتی خفیہ اداروں کی کارستانی ہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ڈھائے جانے والے مظالم سے توجہ ہٹانا ہے۔ مقررین نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے خطاب کو بھی سراہا۔