اسلام ٹائمز۔ سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ نے زلزلہ سے متاثرہ بچوں کی کفالت کا جو عظیم بیڑا اٹھایا ہوا ہے وہ دنیا اور آخرت میں نجات کاذریعہ ہے، دکھی انسانیت کی خدمت بڑی عبادت ہے، چوہدری اخترحسین کو آزادکشمیر کا ایدھی ہونا چاہئے، حکومت تنظیم کے تمام مسائل حل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے زیراہتمام ایجوکیشنل کمپلیکس جڑی کس میں شہداء زلزلہ کی یاد میں منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ طارق فاروق نے کہا کہ 2005ء کے ہولناک زلزلہ کی تباہ کاریوں کے اثرات ابھی ختم نہیں ہوئے، زلزلہ متاثرہ علاقوں میں دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ بیشتر علاقوں میں سکول قائم نہیں ہو سکے۔ تقریب سے ممبر اسمبلی چوہدری محمد سعید نے بھی خطاب کیا۔