اسلام ٹائمز۔ پشتون قوم پرست، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء حاجی محمد عدیل طویل علالت کے بعد جہان فانی کو خیرباد کہہ کر حیات ابدی کے سفر پر روانہ ہوگئے ہیں۔ حاجی محمد عدیل ایک متحرک سیاسی کارکن تھے، نصف صدی پر پھیلی سیاسی جدوجہد میں انہوں نے فکری استقامت کے ساتھ پشتون وسیب کے زمین زادوں اور دیگر مظلوم اقوام کے حقوق کے لئے کسی تامل کے بنا آواز بلند کی۔ اس جدوجہد کے دوران قید و بند کی سختیاں بھی جھیلیں۔ اپنی سیاسی زندگی میں انہوں نے پشتونوں کے حقوق کے ساتھ ساتھ کشمیر، فلسطین اور دیگر مظلومان جہاں کے حق میں بھی آواز بلند کی۔ یہی وجہ ہے کہ آزادی فلسطین، یوم القدس، کشمیرڈے کے سیمینارز، کانفرنسز میں ان کی شرکت لازمی سمجھی جاتی تھی۔ زندگی کی 72 بہاریں دیکھنے کے بعد وہ انتقال کرگئے۔ ان کی نماز جنازہ آج شام چار بجے پشاور میں ادا کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس اور خاندانی ذرائع کے مطابق حاجی عدیل نے رات 3 بجے پشاور کے سی ایم ایچ ہسپتال میں انتقال کیا۔ وہ گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج تھے۔ عوامی نیشنل پارٹی کےمرکزی رہنما حاجی محمد عدیل 1990ء سے 1999ء تک تین مرتبہ پشاور سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور 1993ء میں صوبائی وزیرخزانہ بھی بنے۔ 1997ء سے1999ء تک خیبر پختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر رہے۔ 2009ء سے مارچ 2015ء تک سینیٹر بھی رہے اور اے این پی کے ڈیڑ ھ سال تک قائم مقام صدر بھی رہے۔ حاجی عدیل خیبر پختونخوا اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر اور سینیٹ میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر بھی رہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج 4:15 پر جناح پارک میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین جنید بابا مزار سے ملحق قبرستان میں کی جائے۔ حاجی محمد عدیل 25 اکتوبر 1944 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے بی اے تک تعلیم حاصل کی اور جوانی سے بڑھاپے تک جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد کی۔