اسلام ٹائمز۔ آئی ایس او کا مرکزی کنونشن لاہور میں 2 اکتوبر سے منعقد ہو گا جس میں ملک بھر سے ہزاروں امامیہ طلبا شریک ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی نائب صدر و چیئرمین کنونشن علی مہدی نے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 3 روزہ کنونشن میں علمائے کرام، وکلا حضرات، دانشور، انجینرز اور پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں کے طلبا بھی شریک ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ کنونشن کے اہم پروگرامات میں انٹرنیشنل تعلیمی سیمینار، محفل دوستان، اسٹڈی سرکلز، شب شہداء اور محب کنونشن سمیت نئے مرکزی صدر کا انتخاب و اعلان اور ریلی شامل ہیں۔ چیئرمین کنونشن نے کہا کہ کنونشن الہی نظام ولایت کی تقویت کا بہت بڑا ذریعہ ثابت ہو گا، نظام ولایت سے مربوط ہو کر ہی ملت کے اجتماعی مسائل اور استعمار جہاں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے، ہمیں نظام ولایت فقیہ کیساتھ ارتباط پر فخر ہے، کارکن آفاقی انقلاب کیلئے زمینہ سازی میں کردار ادا کریں اور امام زمان عج فرجہ کے ظہور اور انقلاب کی راہیں ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نظام ولایت فقیہ ہی ہے کہ جس نے دنیا کی شیطانی قوتوں کے مقابلے میں پائیدار استقامت دکھائی ہے، اگر کوئی دنیاوی نظام ہوتا تو شاید دیرپا اور پائیدار استقامت برقرار نہ رکھ سکتا۔