اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کراچی جیسا آپریشن پورے ملک میں شروع کیا جائے۔ فرقہ وارانہ اختلافات مسلم دنیا میں شدید جانی و مالی نقصان کا سبب بن رہے ہیں۔ بھارت ماضی کی طرح مذاکرات سے پھر فرار کی کوشش کر رہا ہے۔ قصور میں معصوم بچوں پر جنسی تشدد کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔ پنجاب پولیس مظلوموں کے بجائے ظالموں کا ساتھ دیتی ہے۔ اہلسنّت اپنے مدارس کو چھان بین کیلئے پیش کرتے ہیں۔ اہلسنّت کے تمام مدارس دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ الطاف حسین کی دفاعی اداروں کے خلاف تقریر پر حکومت نے ابھی تک پارلیمنٹ میں پالیسی بیان نہیں دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ انوار الاسلام میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونیوالے فوجیوں کیلئے منعقدہ قرآن خوانی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن میں سیاسی مصلحتوں کو حاوی نہ ہونے دیا جائے۔ حکمرانی کی اگلی باری خدمت کی سیاست ہی طے کرے گی۔ حکومت نے داعش کے فتنے سے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ بھارتی اشتعال انگیری کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائی جائے۔ کراچی آپریشن کی مخالفت ملک دشمنی ہے۔ بھارت کالا باغ ڈیم کی مخالفت کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہا ہے۔ جنرل راحیل شریف نے قوم کے دل جیت لئے ہیں۔ پاک فوج کا ہر افسر اور جوان قوم کی آنکھ کا تارا بن چکا ہے۔