اسلام ٹائمز۔ شام اور عراق میں سرگرم دہشتگرد تنظیم داعش کی طرف سے مختلف ممالک کو حملوں کی دھمکیاں ملتی رہتی ہیں۔ حال ہی میں برطانیہ کو بھی داعش کی طرف سے دھمکی دی گئی ہے، کہ دوسری جنگ عظیم میں فتح کی 70ویں سالگرہ کی تقریب میں ملکہ برطانیہ کو قتل کر دیا جائے گا۔ برطانوی اخبار کے مطابق داعش کی طرف سے ملکہ کو قتل کیے جانے کی دھمکی ملنے کے بعد برطانوی حکام تقریب کے سکیورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں۔ برطانوی پولیس ترجمان نے اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’داعش کی طرف سے ملنے والی دھمکی پر برطانوی عوام خوفزدہ ہیں، لیکن ہماری کوشش ہے کہ عوام کو اس خوف سے نکالا جائے، تاکہ وہ تقریبات میں بھرپور طریقے سے شرکت کر سکیں۔ ہم تقریبات کے لیے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں، اس سلسلے میں انٹیلی جنس اداروں سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔‘‘ برمنگھم پیلس کی طرف سے دھمکی پر ردعمل دینے سے انکار کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملکہ اور شاہی خاندان کے افراد جمعرات سے شروع ہونے والی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ وسطی لندن میں ایک تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں دوسری جنگ عظم میں لڑنے والے فوجیوں اور اس سے متاثر ہونے والے سول افراد کو مدعو کیا جائے گا۔ اس تقریب میں ملکہ برطانیہ شرکت کریں گی۔