اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا ہے کہ کرپٹ سیاستدانوں کیلئے ستمبر ستم گر ثابت ہوگا، صوبائی وزیر شجاع خانزادہ پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ قربانیاں دینے والی فوج کو بدنام کرنے والے غدار ہیں۔ بھارت میں سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کی رہائی قابل مذمت ہے۔ چودھری شیر علی نے رانا ثناء اللہ کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ پاکستان کے خلاف جہاد کا فتویٰ دینے والے نام نہاد علماء فسادی مولوی ہیں۔ بے لگام مسلم لیگی وزراء فوج دشمنی میں اندھے ہوچکے ہیں۔ لیڈروں اور حکمرانوں کی ہوس زر اور ہوس اقتدار نے ملک تباہ کر دیا ہے۔ کالے انگریز سے مقابلہ کرنے کیلئے نئے جذبہ کے ساتھ تحریک آزادی چلانا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں جیوے پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سوہنی دھرتی پر کرپٹ افراد بد صورتی کے داغ ہیں۔ فوج اور عوام ایک طرف جبکہ کرپٹ سیاستدان اور حکمران دوسری طرف کھڑے ہیں۔ مشاہد اللہ کا بیان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے والی بہادر فوج کا مورال ڈاؤن کرنے کی سازش ہے۔ استحصالی طبقہ ملکی ترقی کے راستے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ حقیقی تبدیلی کیلئے محب وطن طبقات متحد اور منظم ہوجائیں۔ نواز شریف رشتہ داروں اور دوستوں کے ذریعے ملک چلا رہے ہیں۔ ایم کیو ایم قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے ناکام کوششیں کر رہی ہے۔ قوم حکمرانوں کو کراچی آپریشن روکنے کی اجازت نہیں دے گی۔ حکومت ایم کیو ایم کو آکسیجن فراہم نہ کرے۔ حالات تیزی سے فیصلہ کن موڑ کی طرف جا رہے ہیں۔ فوج کی کوششوں سے کراچی میں خوف کی سیاست کا خاتمہ ہو رہا ہے۔ غداران وطن کی ملی بھگت کے بغیر بیرونی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔ آپریشن ضرب عضب نے قوم کو امن کا تحفہ دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز ایجنڈے کو فروغ دینے والی دہشت گرد تنظیموں کی پکڑ ضروری ہے۔