اسلام ٹائمز۔ مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ عرفان مشہدی نے لاہور میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ جماعت اہلسنت ملک کے دفاع اور سلامتی پر یقین رکھتی ہے اور ملکی دفاع کے لئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت ملکی دفاع کیلئے پر عزم ہے انڈیا پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنا بند کر دے ورنہ اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستانی قوم بیدار ہے اور ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اگر انڈیا نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کا انجام عبرتناک ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو ترنوالہ سمجھنے کی غلطی نہ کرے، پاکستانی قوم تمام تر مشکلات کے باوجود باہم متحد ہے اور انڈیا کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور مقبوضہ کشمیر میں آئے دن پاکستانی پرچم لہرائے جانے پر بھارت سرکار سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور کنٹرول لائن پر فائرنگ جیسی مذموم حرکتیں کی جا رہی ہیں تاہم انڈیا کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ وہ ایسی بزدلانہ حرکتوں سے پاکستان کو دباؤ میں لانے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جو عقیدہ ختم نبوت پر ایمان نہیں رکھتا وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے، مغرب زدہ مذہبی آزادی کے نام پر پاکستان کے دشمن قادیانیوں کی وکالت کرنے والے واجد شمس الحسن کے اس بیان سے ذوالفقار علی بھٹو کی روح بھی تڑپ اٹھی ہو گی۔ قاضی عبدالغفار قادری، علامہ فاروق ضیائی اور سید ارشد حسین گردیزی سمیت دیگر نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان کے پشت پر کھڑی ہے اور کسی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔