اسلام ٹائمز۔ شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے صوبے میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ہونیوالی دھاندلی اور امن و امان کی شکایات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمشن کو اس کا ذمہ قرار دیا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں لوگوں کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے، پہلے سندھ میں پیپلز پارٹی اور پنجاب میں مسلم لیگ ن نے سرکاری مشینری کو اپنے امیدواروں کے حق میں استعمال کیا جبکہ پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کو تنگ کیا گیا، کسی کو انتخابی فہرست میں اپنا درج ووٹ ملتا تھا اور نہ ہی امیدواروں کے انتخابی نشانات درست طور پر درج تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن اپنے عملے کی تربیت کرنے اور صاف شفاف انتخابات کروانے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی جماعتوں کے چار جماعتی اشتراک کے ذریعے بلدیاتی انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تھی جس کے اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں، اسلامی تحریک کے امیدواروں نے انتخابات میں کامیابیاں حاصل کی ہیں، دوسرے اور تیسرے مرحلے میں پہلے سے زیادہ کامیابیاں متوقع ہیں۔