اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے سے متعلق کیس میں مرکزی ملزم کی عدم گرفتاری پر عدالت نے تفتیشی افسر کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے رشید گوڈیل حملہ کیس کے مرکزی ملزم اور لیاری گینگ وار کے کارندے شاہد بکک کی عدم گرفتاری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو گرفتار کرنے اور اس کی تنخواہ روکنے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزم شاہد بکک اور تفتیشی افسر حسین مہدی کو گرفتار کرکے 6 فروری کو پیش کیا جائے۔ ملزم شاہد بکک پولیس مقابلے، غیر قانونی اسلحہ سمیت 3 مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے بعد سے عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم رشید گوڈیل حملہ کیس میں نامزد ہونے کے بعد سے مفرور ہے۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر گزشتہ سال 2015ء میں 18 اگست کو کراچی کے علاقے بہادرآباد میں قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، حملے میں رشید گوڈیل شدید زخمی ہوئے، جبکہ ان کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا تھا۔