اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے کھارادر میں پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر جاوید ناگوری پر فائرنگ ہوئی ہے، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جاوید ناگوری کا کہنا ہے کہ میٹنگ سے واپسی پر کراچی میں لیاری سے متصل علاقے کھارادر میں نامعلوم افراد نے ان کی گاڈی پر فائرنگ کی ہے، تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں، وہ اس حملے کا باقاعدہ مقدمہ درج کرائیں گے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ کھارادر میں موٹرسائیکل سوار ملزمان ڈکیتی کی کوشش کر رہے تھے کہ علاقے میں سیکیورٹی دیکھ کر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، تاہم ان کا نشانہ جاوید ناگوری نہیں تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال مئی میں بھی لیاری میں واقع جاوید ناگوری کے دفتر پر دستی بم حملہ کیا گیا تھا، جس میں ان کے بھائی اکبر ناگوری موقع پر ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ چھ دیگر افراد بھی دورانِ علاج چل بسے تھے۔