اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی نے 5 فروری یوم یکجہتی کے دن کے حوالے سے پاکستان اور آزاد کشمیر کے ارباب اقتدار اور عوام کے نام ایک پیغام میں کہا کہ پچھلی کئی دھائیوں سے پاکستان میں حکومتی اور عوامی سطح پر 5 فروری کو ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کے طور پر منانا اس بات کو ثابت کرتا ہے پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی ہند مخالف مزاحمتی تحریک میں برابر شریک بھی ہے اور حصول حق خودارادیت کو کشمیریوں کا جائز حق بھی تصور کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمان اگرچہ سال کے 360 دن اسی جدوجہد میں مصروف العمل ھیں تو 5 فروری کو ارض پاک میں اس جدوجہد کی تائید میں علامتی طور پر ایک دن کو خاص کرنا اس بات کی غماز ہے کہ پاکستان مقبوضہ ریاست کی بھارت سے آزادی کی تحریک میں مطلوبہ فرائض انجام دیں۔ یعنی اگر ہم زمینی سطح پر جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں تو پاکستان اور آزاد کشمیر بحیثیت آزاد مملکت کے ہر وہ اقدام اٹھائیں بین الاقوامی سطح پر بھی اور ملکی سطح پر بھی جو ہماری تحریک آزادی میں ممد و معاون ثابت ہو بھارت پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کو عملانے کی خاطر دباو ڈلوانا ان کا اخلاقی اور قانونی فرض بنتا ہے کیونکہ کشمیر کی تحریک آزادی اصل میں تحریک تکمیل پاکستان ہے۔