اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے کہا ہے کہ غربت میں کمی لانے اور روزگار کی فراہمی کیلئے ان کی وزارت گلگت بلتستان حکومت کو فروٹ پراسیسنگ پلانٹ کی تنصیب کیلئے مدد کرے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو وسعت دینے کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ خطے میں جیمز اینڈ جیولری، فرنیچر، پھلوں کی پراسیسنگ کے پلانٹس کی تنصیب، یوٹیلٹی سٹورز کے قیام سمیت دیگر صنعتی شعبہ میں بھی تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ اور افرادی قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے اس خطے کے وسائل کے پورے ملک کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔ گلگت بلتستان میں روزگار کی فراہمی اور معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے یہاں کے وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ ہماری وزات گلگت بلتستان کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کے لیے جامع منصوبہ رکھتا ہے اور بہت جلد جی بی کے حالات بدل جائیں گے۔