اسلام ٹائمز۔ ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی آج پاکستان کا دورہ کریں گے، وزیراعظم میاں محمد نواز شریف آرمی چیف کے ہمراہ ان کا استقبال کریں گے۔ جبکہ ایرانی صدر لاہور میں مزار اقبال پر بھی حاضری دیں گے۔ اہم منصوبوں پر بات چیت کو حتمی شکل بھی دی جائی گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر پاکستانی ہم منصب صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف اور عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ صدر ممنون حسین ایرانی ہم منصب کے اعزاز میں ایوان صدر میں ضیافت دیں گے، اس موقع پر دونوں صدور کے مابین دوطرفہ تعلقات پر باضابطہ بات چیت ہوگی جبکہ وزیراعظم نواز شریف ایرانی صدر حسن روحانی کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ ایرانی صدر 26 مارچ کو سرینا ہوٹل میں نامور اسکالرز سے خطاب کریں گے۔