اسلام ٹائمز۔ ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 1 مئی کو لاہور میں مال روڈ پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے جبکہ پی ٹی آئی فیصل چوک پر ہی جلسہ کرنے پر بضد ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو مال روڈ پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ مال روڈ پر دہشتگردی کا خدشہ ہے۔ خاص طور پر عمران خان کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے اس لئے پی ٹی آئی مال روڈ کی بجائے ضلعی انتظامیہ کی فٹ بال گراﺅنڈ، سمن آباد یا ناصر باغ میں جلسہ کر سکتی ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی بھی مال روڈ پر جلسہ کرنے پر بضد ہے، جلسے کے مقام کے حوالے سے انتظامیہ اور پی ٹی آئی میں آج پھر مذاکرات ہونگے۔