اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی پاناما لیکس کے معاملے پر کہا کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے اندر بھی دراڑیں ڈالنے کی کوشش کرے گی، اب وقت آ گیا ہے کہ اپوزیشن سر جوڑ کر بیٹھے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے آج کے اجلاس میں وہی بات ہوئی جس کا اندیشہ تھا، اجلاس میں بھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، ٹی او آر کمیٹی مستقبل میں اکٹھے بیٹھتے دکھائی نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے احتساب کے آغاز پر کوئی دو رائے نہیں، اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا واضح موقف آ چکا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا خواجہ سعد رفیق اور خواجہ آصف کے بیانات سے حکومت کا ذہن پڑھ لینا چاہیے۔ حکومت اپوزیشن کے اندر بھی دراڑیں ڈالنے کی کوشش کرے گی، اب وقت آ گیا ہے کہ اپوزیشن سر جوڑ کر بیٹھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کل تین بجے پی ٹی آئی کی سنیئر لیڈر شپ اجلاس میں بھی معاملے کو رکھوں گا۔