اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں مقامی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما قمر منصور کو راہداری ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے نائن زیرو سے گرفتار کئے گئے ایم کیو ایم کے سینئر رہنما قمر منصور کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں رینجرز کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ قمر منصور کو عید الفطر کی چھٹیوں کی وجہ سے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکتا، اس لئے ملزم کو راہداری ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دے دیا جائے۔ عدالت نے رینجرز کی استدعا منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ قمر منصور کو چھٹیاں ختم ہونے کے فوری بعد عدالت میں پیش کیا جائے۔ واضح رہے کہ قمر منصور کو 17 جولائی کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے حراست میں لیا گیا تھا، جبکہ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا تھا کہ نائن زیرو سے گرفتار افراد کراچی کا امن تباہ کرنے کے لئے نفرت انگیز تقاریر کا اہتمام، اور کراچی کا امن تباہ کرنے کی تقاریر کے سہولت کار تھے۔