اسلام ٹائمز۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے سیالکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش کے افغانی کمانڈر کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے سیالکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے داعش کے افغانی کمانڈر کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کے ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عزت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے، ملزم افغانستان سے پہلے کوئٹہ آیا اور وہاں سے ٹریننگ لینے کے بعد جنوبی پنجاب میں مقیم تھا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم جنوبی پنجاب سے دہشت گردوں کا رابطہ داعش کے کمانڈروں سے رابطہ کرواتا تھا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے جب کہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گجرات کے علاقے ڈنگہ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی تھی اور اس دوران کالعدم تنظیم کے مقامی عہدیدار کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزم کی شناخت عبدالمجید کے نام سے ہوئی تھی، جو ایبٹ آباد کا رہائشی تھا، ملزم کے قبضے سے ممنوعہ مواد اور سی ڈیز بھی برآمد کی گئی تھیں، جب کہ اسے کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔