اسلام ٹائمز۔ چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد نے لاکھوں جانیں پیش کرکے بنایا اور ہم اور ہماری آنے والی نسلیں اس کے تحفظ کیلئے ہر وقت قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے والوں کو غدار قرار دے کر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ وہ جشن آزادی کی سالگرہ کی تقریب میں موجود شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ پوری قوم نے جشن آزادی پر جس طرح جوش وجذبے کا مظاہرہ کیا ہے اس کے بعد یہ ثابت ہوگیا ہے کہ اب ملک دشمنوں کو ناتو قوم برداشت کرنے کو تیار ہے اور نہ ہی سلامتی کے ادارے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ملک دشمنوں، علیحدگی پسندوں، سندھودیش کے حامیوں، را کے ایجنٹوں کو بے نقاب کرکے انہیں سرعام پھانسی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجروں کی پاکستان سے محبت غیر مشروط ہے، کوئی مہاجر پاکستان کیخلاف بات کرنا تو درکنار بات سننے کو بھی تیار نہیں ہے۔ اس لئے کہ ہمارے آباؤ اجداد نے اپنے بھرے گھر چھوڑے اور لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بانیان پاکستان کی اولادوں کے ساتھ 70 برس سے امتیازی سلوک روا رکھا جارہا ہے اور اب تو سندھ کی صوبائی حکومت اس حد تک انتقامی کارروائی پر اُتر آئی ہے کہ مہاجر طلبہ تک کو برداشت نہیں کیا جارہا۔