اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح آزادکشمیر میں بھی یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ سب سے بڑی تقریب صدارتی سیکرٹریٹ مظفرآباد میں ہوئی۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار یعقوب خان نے قومی پرچم لہرایا اور پولیس کے چا ق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ تقریب میں وزیراعظم راجہ فاروق خان، وزراء، چیف سیکرٹری سکندر سلطان راجہ سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ سردار یعقوب خان نے پاکستانی قوم کو آزادکشمیر، مقبوضہ کشمیر اور سمندر پار کشمیریوں کی جانب سے دلی مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ کشمیری قوم جلد بھارتی غلامی سے آزاد ہو کر اسلامی جمہوریہ پاکستان کا حصہ بنے گی اور ہم سب مل کر یوم آزادی کی خوشیاں منائیں گے۔ ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ بھارت سے آزادی لے کر رہیں گے اور مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ آزادی کی اس جنگ میں آزادکشمیر کا بچہ بچہ آپ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے جاری مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری نوٹس لے۔ انہوں نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں متحد ہو کر ناکام بنائیں گے۔ راجہ فاروق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اہل کشمیر کے عقیدے اور نظریہ کا حصہ ہے پاکستان کی سلامتی و استحکام کیلئے اہل کشمیر لہو کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے۔ پاکستان کے معاشی و سیاسی استحکام کے خلاف سازشیں متحد و منظم ہو کر ناکام بنانا ہوں گی۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے، بھارت زیادہ عرصے تک اس تحریک کا راستہ نہیں رو ک سکتا، ایک دن ساری ریاست پاکستان کا حصہ بنے گی اور تحریک تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔ قائداعظم کی قیادت میں مسلمانان ہند کی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔ ان کی خدمات کو کبھی بھلا نہیں سکتے، آج مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام بھارتی سنگینوں تلے جگہ جگہ پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی تسلط ختم ہو کر رہے گا۔ وادی میں بھارتی مظالم عالمی برادری کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔