اسلام ٹائمز۔ صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 7 کے ضمنی الیکشن کا میدان سج گیا امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع، پاکستان پیپلز پارٹی بھی ضمنی الیکشن میں کود پڑی، علاقہ چکری کی سیاسی قد آور شخصیت سابق پارلیمانی سیکرٹری پنجاب چوہدری کامران اسلم نے اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفسیر کو جمع کروا دیئے۔ پاکستان تحرک انصاف اور مسلم لیگ نواز کے امیدوران کل بروز منگل اپنے کاغذات جمع کروائیں گئے، ٹیکسلا کچہری میں کاغذات جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے چوہدری کامران اسلم کا کہنا تھا کہ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے عوام کی تائید و حمایت سے پی پی 7 کا ضمنی الیکشن شاندار طریقے سے جیتیں گے۔ گزشتہ ادوار میں بھی علاقہ میں خدمت کی مثال قائم کی آئندہ بھی اس روش کو برقرار رکھیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا ہے کہ فصلی بٹیرے جو ذاتی مفادات کی سیاست میں سرگرم رہے، ضمنی الیکشن میں عوام ان کا بھرپور احتساب کریں گئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریئے کا نام ہے جس کی تاریخ لازوال قربانیوں سے عبارت ہے بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں پیپلز پارٹی اپنا کھویا ہوا مقام بحال کرے گی۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر سابق ناظم چوہدری عرفان، چوہدری ریاض، چوہدری خالق، سابق ناظم اڈیالہ چوہدری ریاست، سابق ناظم اڈیالہ راجہ طاہر، ملک قلب عباس، راجہ ابوبکر، جابر شاہ، اختر شاہ، راجہ مشتاق، راجہ منصور، چوہدری اکبر کے علاوہ کارکنان پیپلز پارٹی کی کثیر تعداد موجود تھی۔