اسلام ٹائمز۔ گجرات میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد سیاست کا خوب تذکرہ رہا۔ قاف لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے رائے ونڈ مارچ پر پھر اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ کسی کے گھر کا گھیراؤ مناسب نہیں ہے۔ شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ متحدہ کا بانی ہو یا کوئی اور پاکستان کے خلاف کسی قسم کی گفتگو برداشت نہیں کی جا سکتی۔ پاکستان کے خلاف جو بھی بات کرے گا اسے ملک دشمن سمجھا جائے۔ اس موقع پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عوام تو بہت قربانیاں دے چکے، اب باری حکمرانوں کی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر روح کے مطابق عمل ہونا چاہیے۔ رینجرز نے پنجاب میں آپریشن کا آغاز کیا تو زیادہ لوگ یہیں سے پکڑے جا رہے ہیں۔ گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا تو حکومت کے سہولت کار بھی پکڑے جائیں گے۔ چودھری بردران کا پنجاب میں رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے کہنا تھا کہ ایسے اختیارات دیئے نہیں جاتے بلکہ خود لے لئے جاتے ہیں۔