اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں صفائی ستھرائی اور آلائشیں اٹھانے کا کام تسلی بخش طریقے سے ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ، کمشنر کراچی اعجاز احمد خان، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم رضوی بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ شہر کے دورے کا مقصد بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق اس سال 15 سے 20 فیصد زیادہ جانور قربان کئے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا کہ آلائشوں کو بروقت مختص کی گئی جگہوں تک منتقل اور مدفون کرنے کا عمل یقینی بنایا جا رہا ہے، اور سڑکوں پر آلائشیں اٹھانے کے بعد جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا جا رہا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آلائشیں اٹھانا ایک بڑا مرحلہ ہوتا ہے، اور اس سال بلدیاتی نمائندے بھی اس میں شامل ہیں، گذشتہ سال کے مقابلے میں اس سال صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث شہریوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بلدیاتی اداروں، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مابین بہتر اشتراک سے عوام کے مسائل جلد حل کئے جا سکتے ہیں۔