اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ ن سرگودہا کے رہنما اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ نواز شریف پاکستان کی عدالت نہیں بلکہ ان کی عدالت میں پیش ہوں۔ سرگودہا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایم ایل این کے رہنما کا کہنا تھا کہ جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کرنے والے ملک دشمنی پر اُتر آئے ہیں اور کارکنوں کو تشدد پر اُکسا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوام کی محبت ہے کہ نواز شریف تیسری بار وزیراعظم بن کر اقتدار میں آئے ہیں، عزت ذلت اﷲ تعالی کے ہاتھ میں ہے، چند مفاد پرستوں کے بے بنیاد پروپیگنڈہ سے نواز شریف کی عزت کم نہیں ہو سکتی ہے، دھرنوں اور جلائو گھیرائو کے باوجود نابالغ سیاستدانوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت کے انقلابی اقدامات اور عوام دوست پالیسیوں کی بدولت وطن عزیز میں ترقی کا سفر جاری شروع ہو چکا اور انشاء اﷲ جاری رہے گا۔