اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں جاری ٹارگٹ کلنگ بالخصوص گزشتہ دنوں گلستانِ جوہر میں دہشت گردوں کی جانب سے طالب علموں کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن جامعہ کراچی یونٹ کی جانب سے سلور جوبلی گیٹ جامعہ کراچی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر طلبا کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے، جن پر حکومت سمیت تکفیری دہشت گردوں کے خلاف نعرے لکھے ہوئے تھے۔ طلباء نے دہشتگردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔ اس موقع پر طلبا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد گلستانِ جوہر میں شہید کئے جانے والے علی مرتضیٰ سمیت تمام بے گناہ افراد کے قاتلوں کو پکڑ کر کٹہرے میں لائے۔