اسلام ٹائمز۔ صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کرپشن کی وجہ سے ملک چھوڑ کر بھاگ چکی ہے اگلی باری (ن) لیگ کی ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے مک مکا کیا ہوا ہے اور باری سسٹم بنا رکھا ہے۔ بھمبر کی تینوں سیٹیں تحریک انصاف جیتے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سابق اسپیکر چوہدری انوارالحق کے بڑے بھائی اور پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر انعام الحق کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر پائلٹ ہائی سکول گرائونڈ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ بھمبر میں کشمیر کونسل کے بارہ کروڈ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، حکومت بھی کروڑوں کے فنڈز خرچ کر رہی ہے، کارکن مطمن رہیں لوٹ مار کرنے والوں سے میرپور چوک میں حساب لیں گے۔ انھوں نے کہا کہ لوگوں کے ضمیر کو خریدا نہیں جا سکتا، چوہدری صحبت علی مرحوم کے مشن کی تکمیل کے لیے چوہدری انوارالحق کو سیٹ دی لیکن اب وقت بدل چکا ہے، بھمبر کی سیٹ کا خود پہرا دوں گا، یہ سیٹ ڈاکٹر انعام الحق کا حق ہے۔ جلسہ سے چوہدری محمد نجیب، راجہ جاوید، اور چوہدری ریاض سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔