اسلام ٹائمز۔ پاک فوج میں اہم عہدوں پر تقرریاں اور تبادلے کر دیئے گئے ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق، موجودہ ڈی جی رینجرز سندھ لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کر دیا گیا ہے، اسی طرح ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کو این ڈی یو کا صدر لگا دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ کورکمانڈر پشاور اور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان کو جی ایچ کیو میں بطور آئی جی ٹریننگ اینڈ اویلویشن تعینات کر دیا گیا ہے۔ 2012ء سے عسکری ترجمان کے فرائض انجام دینے والے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کو پرموٹ کرتے ہوئے جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آرمز مقرر کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز کو جی ایچ میں آئی جی کمیونی کیشن اینڈ آئی ٹی تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل قاضی اکرام کو جی ایچ کیو میں چیف آف لاجسٹک اسٹاف مقرر کر دیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن کو کور کمانڈر بہاولپور تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ میجر جنرل سے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے محمد افضل بدستور ڈی جی ایف ڈبلو او ہی رہیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کے چیئرمیں مقرر کئے گئے ہیں۔