اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ حساب کرنے والوں کی اصلیت قوم کے سامنے رکھوں گا، ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ کو عام کرنا چاہیے، تعجب ہے کہ پیپلز پارٹی بھی کرپشن کے خلاف مہم چلائے گی، وزارت داخلہ احتسابی ادارہ نہیں ہے، احتساب نیب نے کرنا ہوتا ہے۔ اسلام آباد میں پاسنگ آؤٹ تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ چودھری نثار نے پیپلز پارٹی کی تنقید کے بہت سے پرانے قرض چکائے، کہتے ہیں جس کی والدہ کا نام پاناما میں ہے، وہ دوسروں کو کہتے ہیں پاناما لیکس پاناما لیکس، کیا آپ دبئی کے محلات اور سرے محل بھول گئے ہیں۔ چودھری نثار نے کہا پی پی کا کرپشن کے خلاف مہم چلانا ایسا ہی ہے جیسے بی جے پی مسلمانوں کے لئے آواز اٹھائے۔ انہوں نے کہا ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ کو عام کرنا چاہیے۔ امریکہ نے پاکستان کی خود مختاری کو چیلنج کیا، کابینہ میں کمیشن رپورٹ کو پبلک کرنے کا مطالبہ کروں گا۔ چودھری نثار نے کہا کالیا اور خانانی کے ذریعے اربوں کی منی لانڈرنگ ہوئی، کچھ چیزیں جو سامنے آئیں وہ تشویشناک ہیں۔دیگر ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ خانانی اور کالیا کے ذریعے پاکستان سے بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ ہوئی، گذشتہ حکومت کے اہلکار بھی شامل تھے، آئندہ دو ہفتوں میں حقائق سے پردہ اٹھاؤں گا۔ امریکہ میں الطاف کالیا کے پکڑے جانے پر یہاں ایف آئی اے کو جھنجھوڑا، میں نےخاموشی سے انکوائری کرائی تو تشویشناک صورتحال سامنے آئی۔ اسلام آباد میں ریپڈ رسپانس فورس کے پہلے بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پی پی کا کرپشن مخالف مہم چلانا ایسے ہے جیسے بی جے پی مسلمانوں کےحقوق کے لئے مہم چلائے، بلاول بھٹو کی والدہ کا نام بھی پاناما لیکس میں ہے۔ چودھری نثار نے کہا کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں پیسے کی خاطر لوگوں کو زندہ جلایا گیا، کریڈٹ دیں ہم سفاک قاتل کو بینکاک سے اٹھا کر لائے، تھائی لینڈ کے وزیر داخلہ کو خط لکھ رہا ہوں۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بچے کی اوٹ پٹانگ باتوں کا جواب نہ مانگا جائے، ان کے کان میں کسی نے کہہ دیا ہے کہ عمران خان اسٹائل اپنانے سے کشتی پار لگ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو مونث مذکر کا معلوم نہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اے ڈی خواجہ جیسے ایماندار آئی جی کا برا حال کیا گیا، جبری رخصت پر بھیجنا افسوسناک عمل ہے۔ چودھری نثار نے مزید نے کہا کہ تین ہفتے زور لگانے کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ سیشن ہوا، کابینہ میں مطالبہ کروں گا کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ پبلک کی جائے۔